مینگلور 7 ؍ مارچ (ایس او نیوز) سورتکل میں واقع ٹول پلازہ بند کرنے کے لئے بہت دنوں سے چل رہے مطالبہ کو لے کر مختلف تنظیموں پر مبنی ایکشن کمیٹی کی قیادت میں 15 مارچ کو پد یاترا کا اہتمام کیا جائے گا ۔
سرگرم سماجی کارکن ہریش پتھران نے بتایا کہ مُلکی میں مختلف تنظیموں کے ذمہ داران کی مشترکہ میٹنگ ہوئی جس میں ہیجماڈی ٹول گیٹ سے سورتکل تک پد یاترا نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے وزیر نتین گڈکری نے اپنے منگلورو دورہ پر 10 کلو میٹر فاصلہ کے اندر موجود دو ٹول گیٹس کے مسئلہ پر غور کرنے کا یقین دلایا تھا ۔ " لیکن مسئلہ حل کرنے کے بجائے حکومت سورتکل ٹول گیٹ کو ہیجماڈی ٹول گیٹ میں ضم کرنے کی راہ میں قانونی رکاوٹیں ہونے کی بات کہہ رہی ہے ۔ منتخب عوامی نمائندے صرف بیان بازی کرکے وقت گزاری کر رہے ہیں ۔ اس گیٹ کو بند کرنا اسی وقت ممکن ہوگا جب پوری شدت کے ساتھ اس کے خلاف احتجاج تیز کیا جائے گا ۔"
ایکشن کمیٹی کے کنوینر منیر کاٹیپلّا نے بتایا کہ "جب تک حکومت ٹول پلازہ بند کرنے کا اعلان نہیں کرتی تب تک احتجاج جاری رہے گا ۔ ہم منتخب عوامی نمائندوں کے کھوکھلے وعدوں پر اب بھروسہ نہیں کرتے ۔ ہماری مانگ پوری ہونے تک احتجاج چلتا رہے گا ۔"